ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ناڈا پینل کی رپورٹ آنے کے بعد ہی قدم اٹھائیں گے:وزیر کھیل

ناڈا پینل کی رپورٹ آنے کے بعد ہی قدم اٹھائیں گے:وزیر کھیل

Thu, 28 Jul 2016 11:37:01  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 27؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ریو اولمپکس سے پہلے ڈوپ ٹیسٹ میں پہلوان نرسنگھ یادو کے پازیٹو پائے جانے سے منسلک معاملے میں وزیر کھیل نے آج کہا کہ اس معاملے میں نیشنل ڈوپنگ مخالف ایجنسی(ناڈا)کے پینل کی جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی کوئی کارروائی کی جائے گی۔اس کے ساتھ لوک سبھا میں آج اس معاملے میں ہندوستانی کشتی یونین کے رول کی جانچ کا بھی مطالبہ کیاگیا۔وزیر کھیل وجے گوئل نے لوک سبھا میں آج وقفہ سوال کے دوران اراکین کے سوالات کے جواب میں بتایا کہ ناڈاقومی ایجنسی ہے جو عالمی ڈوپنگ مخالف ایجنسی کے تحت کام کرتی ہے، ناڈا اپنی رپورٹ عالمی ایجنسی کو بھیجتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نرسنگھ یادو کے معاملے میں ناڈا کے پینل کی رپورٹ ایک دو دن میں آ جائے گی اور حکومت آگے کی کارروائی کافیصلہ اس کے بعد ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد نرسنگھ یادو کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔بی جے پی کے ر کن سکھبیر سنگھ جونپوریا نے اس سے قبل سوال کیا تھا کہ نرسنگھ یادو کے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے معاملے میں ہندوستانی کشتی یونین کی لاپرواہی کی تحقیقات ہو نی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگھ یادو کے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے سے ملک کا بڑا نقصان ہوا ہے اورمیڈیا میں ایسی رپورٹیں آئی ہیں کہ ہندوستانی کشتی یونین کی لاپرواہی کی وجہ سے اس کے کھانے میں ملاوٹ کی گئی۔جونپوریا نے کہا کہ وزارت کھیل کو کچھ ایسے انتظامات کرنے چاہیے کہ عالمی مقابلوں کے لیے اہم کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں کو بھی تیار کیا جائے۔قابل ذکر ہے کہ نرسنگھ یادو آج اپنا موقف رکھنے کے لیے پینل کے سامنے پیش ہونے والے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بی جے پی کے راگھو لکھن پال شرما نے حکومت سے جاننا چاہا کہ کیا حکومت کی بازار میں آسانی سے دستیاب اینابولک اسٹیرائڈس کی مینوفیکچرنگ پر روک لگانے کا کوئی ارادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ناڈا کی ایسی مصنوعات پر کوئی قانونی اتھارٹی نہیں ہے لیکن کیا حکومت ان پر روک لگانے کی سمت میں کوئی قدم اٹھائے گی ۔وزیر کھیل وجے گوئل نے کہا کہ حکومت اس بات پر پوری توجہ دے گی۔وزیر نے اس کے ساتھ ہی بتایا کہ مرکزی حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے اور اگر کوئی رکن پارلیمنٹ اپنے حلقہ میں کسی کھیل کے منصوبے میں 50فیصد فنڈ اپنے ایم پی فنڈ سے دینے کوتیارہوتا ہے تو باقی 50فیصد مرکزی حکومت دے گی۔کھیل میں صلاحیت کی تلاش کو ایک مسلسل عمل بتاتے ہوئے وزیر کھیل نے بتایا کہ ذاتی کھیلوں میں حکومت 8 اور اکیڈمی قائم کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے ساتھ ہی جونپو ریا کی اس بات سے اختلاف بھی کیا کہ مختلف کھیلوں مقابلوں میں سفارش کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ ترکھلاڑی میرٹ کی بنیاد پر منتخب جاتے ہیں۔وجے گوئل نے ساتھ ہی بتایا کہ حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے دیہی علاقوں اور شمال مشرقی ریاستوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔مختلف کھیل فیڈریشنوں میں بے ضابطگیوں کے سلسلے میں کئے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں کچھ قومی کھیل ایسوسی ایشنوں میں سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے کے معاملے سامنے آئے ہیں اور حکومت نے اس کا نوٹس لیا ہے۔حکومت نے معطلی اور منظوری منسوخ کرنے سمیت کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔


مرلی دھرن، 3 دیگرکھلاڑی آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہوئے 
دبئی، 27؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سری لنکا کے عظیم اسپنر متھیا مرلی دھرن اور تین دیگر کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس سال ہا ل آف فیم میں شامل کیاہے۔آئی سی سی نے ایک بیان میں کہاکہ آئی سی سی نے آج یہ اعلان کیا کہ متھیا مرلی دھرن، کارین رولٹن، آرتھر مورس اور جارج لومین کو اس سال کے اختتام پر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔ان چاروں کا انتخاب آئی سی سی کرکٹ ہاف آف فیمرس اور میڈیا نے کیاہے ۔انہیں کھیلوں میں ان کی شراکت کے لیے ہال آف فیم کیپس دی جائیں گی۔ورلڈ کپ 2011کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے والے مرلی دھرن نے ٹیسٹ میں 800، ون ڈے میں 534اور ٹی- 20میں 13وکٹیں لی ہیں۔انیسویں صدی کے آخر میں سوئنگ گیندبازی کے ماہر لومین حال آف فیم میں شامل ہونے والے انگلینڈ کے 27ویں کرکٹر ہیں۔ان کا 1901میں صرف 36برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔چالیس اورپچاس کی دہائی کے بائیں ہاتھ کے بلے باز مورس یہ اعزاز حاصل کرنے والے 22ویں آسٹریلیائی کرکٹر ہیں۔انہوں نے 162فرسٹ کلاس میچوں میں 12614رن بنائے ہیں ۔وہیں رولٹن آسٹریلیا کی تیسری اور کل چھٹی خواتین کرکٹر ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا۔

اگلے سال تک فٹ بال کو فروغ دینا چاہتی ہے مرکزی حکومت
نئی دہلی، 27؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت نے آج لوک سبھا میں کہا کہ وہ اگلے سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے ساتھ ہی ملک میں گلی گلی میں فٹ بال کو فروغ دینا چاہتی ہے۔کھیل اور امور نوجواں کے وزیر وجے گوئل نے لوک سبھا میں وقفہ سوال کے دوران ارکان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود کہا ہے کہ کرکٹ کے علاوہ فٹ بال، ہاکی، کبڈی اورکھوکھوجیسے کھیلوں کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے ۔گوئل نے فٹ بال کو ملک میں مقبول بنانے کے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال پورے ملک میں گلی گلی میں فٹ بال کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اس سال ملک میں برکس فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اگلے سال فیفا فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے پیش نظر ملک میں اس کھیل کو مقبول بنانے کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں اس سال ہونے والیے 8ویں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر برکس فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے تاریخی ایڈیشن کا ہندوستان میں انعقادہوگا۔اس سے قبل ترنمول کانگریس کے ایک رکن نے ملک میں فٹ بال کی خراب صورت حال کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ہندوستان فٹ بال درجہ بندی میں 166ویں نمبر پر چلا گیا ہے اور فٹ بال کھیل یونین اس کھیل کو فروغ دینے کے لیے کچھ نہیں کر رہا ہے۔انہوں نے وزیر سے فٹ بال کو بچانے کی اپیل کی۔


اعتماد سے لبریز ہندوستانی ٹیم کنگسٹن پہنچی
کنگسٹن، 27؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پہلا ٹیسٹ اننگ کے فرق سے جیتنے کے بعد اعتماد سے لبریز ہندوستانی کرکٹ ٹیم 30؍جولائی سے شروع ہو رہے دوسرے ٹیسٹ کے لیے آج یہاں پہنچ گئی۔پہلے ٹیسٹ میں اننگ اور 92رنوں سے جیت درج کرنے کے بعد ہندوستان کے حوصلے بلند ہیں۔پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 84رن بنانے والے سلامی بلے باز شیکھر دھون اپنے پلے اسٹیشن پر مصروف نظرآئے۔انہوں نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں وہ کوہلی، بھونیشور کمار اور ردھیمان ساہا کے ساتھ فیفا فٹ بال کھیل کامزہ لے رہے ہیں۔چیف کوچ انیل کمبلے، کوہلی اور دھونی نے کارگل دیوس کے موقع پر ہندوستانی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔کوہلی نے کہا، 60دن، آپریشن وجے ، میں اس وقت اسکول میں تھا۔مجھے یاد ہے کہ ہر خاندان کس طرح فوجیوں کے درد میں شریک تھا۔ہم نے ان کے لیے دعائیں کی اور ہندوستانی ہونے پر فخر محسوس کیا۔فوجیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے ، آپ ہندوستان کے حقیقی ہیرو ہو،جے ہند‘،ا س درمیان کیربیائی ٹیم بھی یہاں پہنچ گئی ہے۔


شیوا کو اپنے بہتر دم خم کی بدولت ریو اولمپک میں میڈل جیتنے کا یقین
نئی دہلی، 27؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اولمپک میں ڈبیو کے چار سال بعد بھی ہندوستان کی اولمپک ٹیم کے سب سے نوجوان مکہ باز 22سالہ شیوا تھاپا کو ریو میں اپنے بہتر دم خم، اسٹیمنا اور پختگی کی بنیاد پر میڈل جیتنے کی امید ہے۔آسام کا یہ باکسر بین الاقوامی باکسنگ ایسوسی ایشن کی درجہ بندی میں فی الحال چھٹے مقام پر ہے اور عالمی چمپئن شپ میڈل جیتنے والا تیسرا ہندوستانی مکہ باز ہے۔اس نے دوحہ میں 2015میں عالمی چمپئن شپ میں کانسہ کا میڈل جیتا تھا۔اس کے علاوہ 2013ایشیائی چمپئن شپ میں سونے اور 2015میں کانسہ کامیڈل جیتا۔مارچ میں ایشیائی کو الیفائر میں چاندی کا تمغہ جیت کر اس نے ریو کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔لندن اولمپکس میں وہ صرف 18سال کا تھا جہاں وہ پہلے ہی راؤنڈ میں ہار گیاتھا ۔اب اسے( بینٹم ویٹ56کلو گرام )میں تمغہ کاامیدوارماناجارہا ہے۔اس نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ وجیندر سنگھ اور اکھل کمار کو 2008بیجنگ کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرتے دیکھ کر وہ ہمیشہ سے اولمپک میں اترنا چاہتا تھا۔اس نے کہاکہ وقت کس طرح بھاگتا ہے۔مجھے لگتا ہے کہ لندن اولمپکس کل ہی ہوئے تھے۔مجھے یاد ہے کہ میں بیجنگ اولمپکس بھی جانا چاہتا تھا۔اس وقت میں سوچتا تھا کہ کس طرح جاؤں گا کیونکہ اس وقت میں بہت جونیئر تھا۔چار سال بعد اس نے لندن کے لیے کوالیفائی کرکے اپنا خواب پورا کیا۔لندن میں 8 رکنی باکسنگ ٹیم میں بچے کی طرح گئے شیوا اب اعتماد سے لبریز ہے۔شیوا نے کہاکہ گوہاٹی میں میرا بچپن ایسے علاقے میں گزرا جو سڑکوں پر ہونے والے فسادوں کے لیے بدنام تھا۔آٹو اور رکشہ وہاں جاتے ہی نہیں تھے کیونکہ انہیں مقامی گینگ سے مارکھانے کا خوف رہتا تھا۔میری عمر کے بچے بھی اس میں شامل تھے۔اس نے اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھی اور اس کاکریڈٹ کراٹے کے استاد والد پدم تھاپا کو جاتا ہے۔وہ بعد میں پونے میں واقع فوجی کھیل انسٹی ٹیوٹ اور پھراین آئی ایس پٹیالہ آ گیا۔اس نے کہاکہ میں نے فٹ بال، جمناسٹک سے لے کر ایتھلیٹکس سب کچھ کھیلا لیکن باکسنگ میں میرا دل لگا۔مجھے اس کھیل سے پیار ہے لیکن مکہ باز نہیں ہوتا تو میں فٹبالر ہوتا۔فی الحال وہ طویل عرصے سے قومی اسسٹنٹ کوچ رہے سی کٹپا کے ساتھ پریکٹس کر رہا ہے جو 2008میں وجیندر سنگھ کے نجی کوچ تھے۔شیوا نے کہاکہ وہ ڈسپلن کو پسند کرنے والے کوچ ہیں لیکن میں ان کے ساتھ آرام دہ اور پرسکون محسوس کرتا ہوں ۔وہ محنت کرنے کے لیے میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں لیکن بہت خیال بھی رکھتے ہیں۔


Share: